شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عارف خان سندھیلہ ایم پی اے کی طرف سے نواز شریف کے حق میں 72گھنٹے سے زائد بھوک ہڑتال کرنے سے حالت مزید بگڑ گئی ہے، کمزوری کی وجہ سے وہ کرسی پر نہیں بیٹھ سکتے۔ جناح پارک چوک میں لگائے بھوک ہڑتالی کیمپ میں چوتھے روز بھی مسلم لیگ ن کے رہنمائوں چوہدری بدر الزمان ورک، سید مشتاق حسین شاہ، خلیل احمد ورک، قمر اقبال ڈار، بینش قمر ڈار اور سینکڑوں کارکنوں نے عارف خان سندھیلہ کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں آکر ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ جبکہ پروفیسر ڈاکٹر عارف ریاض نے عارف خان سندھیلہ کو مشورہ دیا وہ فوری طور پر بھوک ہڑتال ختم کردیں وگرنہ ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے، عارف خان سندھیلہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زندگی اللہ کی امانت ہے اور اپنے لیڈر نواز شریف پر قربان کرنا چاہتا ہوں۔ کیمپ میں آنے والے مسلم لیگ ن کے کارکنوں، تاجروں، سیاسی عمائدین نے نواز شریف‘ شہباز شریف اور مریم نواز سے مطالبہ کیا عارف سندھیلہ آپ کیلئے اپنی جان کی بازی لگا کر بیٹھا ہوا ہے اس کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بھوک ہڑتالی کیمپ میں ضلعی چیئرمین عشر زکوٰۃ مشتاق حسین شاہ‘ اورنگزیب خان‘ ضلع کونسل وائس چیئرمین جہانزیب خان‘ وائس چیئرمین بلدیہ احسان مجید‘ قمر اقبال ڈار‘ شعبہ خواتین ضلعی جنرل سیکرٹری و ممبر ضلع کونسل بینش قمر ڈار‘ چودھری منشاق‘ عابد خان سندھیلہ‘ سیٹھ محبوب احمد‘ رانا ماجد‘ ارشد احد‘ خان عباس‘ عبدالوحید‘ رانا قادر‘ عامر ندیم‘ رانا قیصر شہزاد اور بابر منشاء بھی موجود تھے۔
شیخوپورہ: عارف سندھیلہ کی بھوک ہڑتال کا چوتھا روز‘ حالت مزید بگڑ گئی زندگی کو خطرہ لاحق ہوچکا: ڈاکٹر
Feb 26, 2018