سپریم کورٹ: رواں ہفتے کیلئے 5 بنچ تشکیل، میموگیٹ سکینڈل، حسین حقانی، طلال چودھری، توہین عدالت سمیت مختلف مقدمات کی سماعت ہو گی

Feb 26, 2018

اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ آج پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت، میو گیٹ سکینڈل، حسین حقانی توہین عدالت کیس اور دل کے غیر معیاری سٹنٹ کے حوالے سے از خود نوٹس سمیت مختلف مقدمات کی سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس نے پانچ بنچ تشکیل دیئے ہیں۔ بنچ اول چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہے۔ دوسرا بنچ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس سر دار طارق مسعود پر مشتمل ہے۔ تیسرے بینچ کی سربراہی جسٹس اعجاز افضل خان کرینگے جس میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب شامل ہیں۔ چوتھا بینچ جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ مقدمات کی سماعت کریگا جبکہ پانچویں بینچ کی سربراہی جسٹس منظور احمد ملک کرینگے جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل بھی بینچ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ میں وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی کی تقرری چیلنج کیس کی سماعت کل منگل کو ہو گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس یاور علی خان کیس کی سماعت کریں گے۔

مزیدخبریں