عمران جھوٹ کی یونیورسٹی کے وائس چانسلر‘ دعا ہے مزید گھر نہ اجاڑیں: امیرمقام

Feb 26, 2018

سوات(صباح نیوز+آئی این پی)وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپی کے کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام رہی بڑے بڑے دعوے کرنے والے ایک میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہ کرسکے ۔ عوام کے مسائل حل کرنا مسلم لیگ (ن) کی ترجیح ہے۔ سوات خوازہ خیلہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا محمد نوازشریف کو عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا وہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے دلوں میں بستے ہیں عوام کے ساتھ ان کا رشتہ قائم دائم ہے ۔ میری دلی دعا ہے اللہ تعالی میرے قائد اور میری پارٹی کو اس ملک کی مزید خدمت کرنے کی توفیق دے تاکہ وہ یہاں کے عوام کے بنیادی مسائل حل کریںخدمت حلق ہی ہماری سیاست کا نصب العین ہے اور انشاء اللہ یہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا میں مخالفین سے کہتا ہوں ہمارے راستے میں جتنے بھی بند باندو گے عوام کے اس سمندر میں بہہ جائیں گے ۔ انشاء اللہ جولائی کو کھوکھلے نعرے لگانے والے عوام کے سمندر میں بہہ جائیں گے ۔ انہوںنے کہا عمران خان جھوٹ بولنے میں ثانی نہیں رکھتے۔ 2013کے الیکشن میں تبدیلی لانے کا جھوٹ بولا۔ بڑے بڑے بلند و بانگ دعوے اور وعدے کئے مگر ایک بھی ایفا نہ کیا بلکہ بعد میں اپنے وعدے بھول گئے۔ عمران خان جو ا پنی شادی کے بارے میں بھی جھوٹ بولتے ہیں وہ ایسا شخص جو مرید بن کر پیرنی کی پاس جاتا ہے اور پھر مریدی عشق میں تبدیل ہو کر شادی تک جاپہنچتی ہے ۔ میری اللہ سے دعا ہے عمران خان اپنی اس چوتھی شادی پر ثابت قدم رہے اور مزید لوگوں کے گھر نہ اجاڑے۔انہوں نے کہا تبدیلی کے دعوے کرنے والو کم ازکم ایک برن یونٹ ہی بنا لیتے۔آئی این پی کے مطابق امیر مقام نے کہا عوامی عدالت جولائی میں لگے گی جس میں 20کروڑ عوام کی نمائندگی ہوگی اور اس بات کا فیصلہ ہوگا کہ کون صادق اور امین ہے۔ جھوٹ کی یونیورسٹی کے وائس چانسلر عمران خان ہیں۔ انہوں نے مرید ہوتے ہوئے پیرنی سے شادی کی۔ عمران خان خیبر پی کے کا ہیلی کاپٹر رکشے کی طرح استعمال کر رہے ہیں۔نوازشریف نے کڈنی ہسپتال بنایا‘ تبدیلی کے دعویدار ایک برن یونٹ تو بنا دیتے‘ بڑے بڑے دعویدار ایک میگاواٹ بجلی تو بنا دیتے۔ یہ بس پرانے منصوبوں پر نئی تختیاں لگا رہے ہیں۔ عمران خان خیبر پی کے کا ہیلی کاپٹر رکشے کی طرح استعمال کر رہے ہیں۔ عمران خان کا بلین ٹری سونامی پراجیکٹ جھوٹا ثابت ہوا۔

مزیدخبریں