مقبوضہ کشمیر میں عالمی برادری کا بھارت کی لگائی آگ نہ بجھانا افسوسناک ہے: مسعود خان

لندن (صباح نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا علاقہ خوبصورتی کے اعتبار سے زمین پر ایک جنت ہے، لیکن اسے آگ لگا دی گئی ہے اور عالمی برادری کی طرف سے فائر فائٹرز کی شکل میں امن پسندوں کو وہاں اس ظلم وجبر کی آگ کو بجھانے یا امن قائم کرنے کے لیے نہیں بھیجا گیا جو افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہائی کمشن کی جانب سے لندن میں منعقدہ برٹش کونسلرز لارڈز اور میئرز کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لگائی گئی آگ حادثاتی نہیں تھی بلکہ بھارتی قابض افواج ہی آتش باز ہے اور کوئی بھی امن قائم کرنے والی فورس یا وفد کو کسی بھی علاقے میں داخل ہونے اوراس آگ کو بجھانے کی اجازت نہیں دیتے۔ عالمی برادری امن پسندوں کو وہاں بھیجنے کی بجائے بھارت کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو بڑھا رہی ہے۔ صدر مسعود خان نے کہا دیگر تنازعوں کے برعکس کشمیر کا تنازعہ بین الاقوامی راڈار سکرین پر تھوڑا ہی دکھائی دے رہا ہے اور تنازعہ کشمیر کو بہت کم رپورٹ کیا جا رہا ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل برائے نام بیانات کے پیچھے چھپنے کی بجائے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور وہاں پر قتل عام اور غیر قانونی گرفتاریوں کو روکنے کے لئے فوری طور پر مداخلت کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی بھی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے رول ادا کرنے پر متفق نہیں ہو گا۔ لیکن بھارت کی وجہ سے اقوام متحدہ کی ساکھ کو کیونکر خراب کیا جا رہا ہے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو تنازعہ کشمیر پر ایک خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے سنجیدگی سے اپنا مضبوط کردار ادا کرنا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن