اسرائیلی وزیر اعظم کو مزید دو کیسز میں تفتیش کا سامنا کرنا پڑیگا

مقبوضہ بیت المقدس(صباح نیوز)اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو مزید دو کیسوں میں پولیس تفتیش کا سامنا کرنا پڑے گا، اس سے قبل پولیس پہلے ہی وزیر اعظم پر کرپشن اور فراڈ کے الزامات عائد کرنے کی سفارش کرچکی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنا امیج بہتر طور پر پیش کرنے کے لیے ایک ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کو بہت سی مراعات دیں، یہ کمپنی موبائل سروس کے علاوہ ٹی وی چینلز بھی چلاتی ہے ۔اس کے علاوہ نیتن یاہو کو ایک اور کیس میں بطور گواہ تفتیش کا سامنا ہے، یہ کیس جرمنی سے تین آبدوزوں کی خریداری میں ہونے والی مبینہ کرپشن سے متعلق ہے ۔میڈیا کے مطابق پولیس نیتن یاہو سے جمعے کو پوچھ گچھ کرے گی، اس سے قبل اسرائیلی پولیس وزیر اعظم سے کرپشن کے الزامات کے تحت سات بار تفتیش کرچکی ہے اور اپنی رپورٹ میں پولیس نے گزشتہ ہفتے اٹارنی جنرل سے سفارش کی تھی کہ نیتن یاہو کے خلاف کرپشن اور فراڈ کے الزامات عائد کیے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن