کرپشن کے الزام میں گرفتار آشیانہ ہاوسنگ اسکیم کے ٹھیکیدارشاہد شفیق پر تشدد کا الزام جھوٹا ثابت ہوگیا.نیب لاہور کی جانب سے آشیانہ ہاوسنگ اسکیم کرپشن کیس میں گرفتار ملزم شاہد شفیق کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آ گئی جس سے یہ ثابت ہوگیا کہ ملزم پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق آشیانہ ہاوسنگ اسکیم کا ٹھیکیدار شاہد شفیق ذہنی اور جسمانی طور پر بالکل تندرست ہے، پیشی کے وقت ملزم کی حالت بالکل درست تھی اور صرف معمولی ڈپریشن تھا۔ ملزم کی اہلیہ نے نیب افسران پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے شاہد شفیق کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ شاہد شفیق کی اہلیہ نے نیب افسران کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی جمع کرائی تھی۔واضح رہے کہ آشیانہ ہاوسنگ کرپشن اسکینڈل میں گرفتار بسم اللہ کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کو سابق ڈی جی لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔ شاہد شفیق کو گزشتہ روز ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب)کے حوالے کیا گیا تھا۔