چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مدارس میں پڑھنے والے 25لاکھ سے زائد بچے ریاستی وسائل پر حق رکھتے ہیں ۔وقت آگیا ہے کہ تعلیمی نظام میں مدارس کے بچوں کو معقول جگہ اور مقام دیا جائے، خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مدارس کی قومی دھارے میں شمولیت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات قابل تحسین ہیں۔ پیر کے روز وزیر اعلی پرویز خٹک نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور عمران خان پختونخوا میں مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے پختونخوا حکومت کے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی،صوبائی وزیر اعلی نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مولانا سمیع الحق کے مدرسے کو فراہم کی جانے والی امداد کے بارے میں بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا.اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ مدارس میں پڑھنے والے 25لاکھ سے زائد بچے ریاستی وسائل پر حق رکھتے ہیں،وقت آگیا ہے کہ تعلیمی نظام میں مدارس کے بچوں کو معقول جگہ اور مقام دیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں حکومتیں امیروں پر وسائل خرچ کر رہی ہیں،غریب عوام اور ان کے بچوں کے بارے میں حکومتیں مجرمانہ طرز عمل کا اظہار کر رہی ہیں، پختونخوا حکومت کی جانب سے مدارس کی قومی دھارے میں شمولیت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایک جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت دینی مدارس اور طالبہ پر وسائل صرف کرے ۔ملاقات میں وزیر اعلی پختونخوا نے جامع حقانیہ کو فراہم کی جانے والی امداد کے مختلف خدوخال بطور خاص چیئرمین کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے جامع حقانیہ کو پیسے کی بجائے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں معاونت فراہم کی ۔اب بھی جامع حقانیہ کو کیش کی صورت میں مالیات فراہم کرنے کا ارادہ نہیں،مدارس کی قومی دھارے میں شمولیت کے پروگرام کو توسیع دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔عمران خان نے صوبے میں وزیر اعلی کو صوبائی حکومت کے پروگرام سے منسلک ہونے والے مدارس کو خصوصی طور پر وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔