لندن (نوائے وقت نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے اسکاٹ لینڈ کے پارلیمنٹرینز سے ملاقات کی اور انہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں اسکاٹش نیشنل پارٹی کے ریجنل منتظم قاسم حنیف اور رکن برطانوی پارلیمنٹ کرس اسٹیفن شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے انہیں بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر کئے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا اور برطانوی پارلیمنٹ میں اس حوالے سے آواز اٹھانے کی درخواست کی۔ قاسم حنیف نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی کانفرنس میں اس معاملے کو فوری طور پر اٹھانے کا عندیہ دیا۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر کئے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ کے ایوانوںمیں اس مسئلہ پر آواز اٹھائیںگے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے بات کرینگے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کی اسکاٹش پارلیمنٹرینز سے ملاقات‘ مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال
Feb 26, 2019