اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی اور جاپانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطے کئے اور پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں پلوامہ واقعہ کے بعد امن و امان کی صورتحال سمیت کشیدگی کم کرنے کے پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ بھارت سے معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے ٹیلیفونک رابطے پر شاہ محمود کا شکریہ ادا کیا اور قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ چینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کشیدگی خطے میں امن و امان کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی گرانقدر خدمات کا معترف ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی۔ وزیرخاوجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے بھرپور تعاون پر چینی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب تاروکونو کو ٹیلیفون کیا اورحالیہ دورۂ جاپان مؤخر کرنے کی وجوہات بتائیں جبکہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان باہمی مشاورت سے دورے کی نئی تاریخ طے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب سے گفتگو میں کہا کہ 24 فروری کو جاپان کے دورے پر روانہ ہونا تھا‘ تاہم پلوامہ واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال گھمبیر ہو گئی۔ اس نازک صورتحال میں میری اپنے ملک میں موجودگی ضروری ہے۔ وزیرخارجہ نے بتایاکہ جاپانی وزیرخارجہ سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنے وزیراعظم کو بھی ان حالات سے آگاہ کریں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو کشیدگی کم کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کا کہا ہے جبکہ جاپان نے بھی اس ضمن میں مؤثر کردار ادا کیا۔
شاہ محمود کا چینی، جاپانی، برطانوی، ہم منصبوں کو فون: کشیدگی خطے میں امن کےلئے خطرہ بن سکتی ہے: چین
Feb 26, 2019