PSLان کراچی پیس مشن سپر فاسٹ سائیکل ریس 3مارچ کو ہوگی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر کرکٹ لیگ کے سلسلے میں ’’کلیم اعوان انویٹیشن PSLان کراچی پیس مشن سپر فاسٹ سائیکل ریس‘‘ 3مارچ کو ہوگی۔ 25کلومیٹر طویل سائیکل ریس مزارقائد کے وی وی آئی پی گیٹ سے شروع ہوگی اور شاہراہ قائدین ، شاہراہ فیصل ،ڈرگ روڈ، کارساز، اسٹار گیٹ ، حسن اسکوائر اور ایکسپو سینٹر سے ہوتی ہوئی نیشنل اسٹیڈیم کے سامنے ختم ہوگی ۔ کراچی و سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی سپر ویژن میں ہونے والی اس سائیکل ریس میں پاکستان کے 60سے زائد تیز رفتار ترین سائیکلسٹ شرکت کریںگے ، جن میں واپڈا، اسٹیل ملز اور ریلوے سمیت دیگر اداروں کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ سائیکل ریس کے پر امن انعقاد اور سائیکلسٹوں و منتظمین کی حفاظت کے لئے کمشنر کراچی ڈویژن، کیپٹل سٹی پولیس چیف، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی جی رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے اقدامات و ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔ یاد رہے اس سے قبل کلیم اعوان نے 17فروری کو10تیزرفتار ترین سائیکلسٹوں کے ساتھ انتہائی کامیابی و کامرانی کے جھنڈے گاڑتے ہوئے ’’گریٹ پاکستان سپر لیگ کراچی پیس مشن سائیکلنگ ایڈونچر ‘‘ کا انعقاد کرکے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے داد وصول کی تھی ۔ بڑے بڑے پاکستانی جھنڈوں کولہراتے ہوئے ان سائیکلسٹوں نے کراچی بھر کا 50کلومیٹر طویل سفر طے کیاتھا۔ ریس کے انتظامات کی حتمی میٹنگ 28فروری کو کراچی ڈویژن سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے صدر میجر (ر) عشرت خان کی صدار ت میں ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن