پاکستان سپر لیگ میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظرانداز کیا گیا، یاسر حمید

Feb 26, 2019

لاہور(اسپورٹس رپورٹر) ٹیسٹ کرکٹر یاسر حمید کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظرانداز کیا گیا، پاکستان سپر لیگ میں بڑے طریقے سے مجھ سمیت کئی کرکٹرز کو باہر کیا گیا۔ یاسر حمید نے کہا کہ مجھ سمیت عمرگل ، سمیع اسلم، زیشان ملک اور دیگر کھلاڑیوں کو بڑے طریقے سے باہر کردیا گیا انہوں نے کہا کہ ایسے کھلاڑیوں کو اگر ٹی ٹوئنٹی میں نہیں کھلایا جائے گا تو یہ کب کرکٹ کھیلیں گے۔ پی ایس ایل پاکستان کی پراڈکٹ بن گئی ہے کوئی جائے یا آئے یہ پراڈکٹ رہے گی۔ اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کے دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے کرکٹر نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ پر اگر توجہ دی جائے تو ہمیں اچھے بلے باز مل سکتے ہیں لیکن اس وقت فاسٹ بولرز پر توجہ دی جارہی ہے اور پی ایس ایل میں بھی فاسٹ باولرز سامنے آئے ہیں، لیکن کرکٹ کا کھیل بیٹنگ کا ہے، اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی لوگ بیٹنگ دیکھنے کے لیے آتے ہیں پی ایس ایل میں موسی، الیاس ، حارث اچھے کھلاڑی سامنے آئے ہیں اور بابر اعظم اور امام الحق سے کافی امیدیں وابستہ ہیں جو کافی آگے جاسکتے ہیں۔یاسر حمد کا کہنا تھا کہ سرفراز ایک اچھے کپتان ہیں انھیں ورلڈ کپ تک کپتان رہنا چاہیے ، کرکٹ کی عالمی جنگ میں بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں اپ سیٹ کرسکتی ہیں جب کہ قومی ٹیم بھی کسی سے کم نہیں، ورلڈکپ میں پاکستان سے امید رکھنی چاہیے پاکستانی کھلاڑی کچھ بھی کرسکتے ہیں تاہم انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہوگا۔

مزیدخبریں