گجومتہ : دو میٹرو بسوں میں تصادم‘ طالبہ جاں بحق‘ 16 مسافر زخمی

لاہور ، کاہنہ (نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر، نامہ نگار)نشتر کالونی کے علاقہ میں میٹرو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں ،جس کے باعث ایک خاتون جاں بحق اور 16سے زائد افراد زخمی ہوگئے،زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتا ل جبکہ مرنے والی طالبہ کی لاش کو مرد ہ خانے منتقل کردیاگیا،بتایا گیا ہے کہ گجومتہ کے قریب دلم سٹاپ پر دو میٹرو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں ہیں، بسوں کے ٹکرانے سے ایک خاتون جاں بحق اور15 سے زائد افرادزخمی ہوگئے،جاں بحق ہو نے والی خاتون کی شناخت کاہنہ نوکی 25سالہ عمارہ مبین کے نام سے ہوئی،حادثہ میں خواتین زیادہ زخمی ہوئیں، زخمیوں میں 30 سالہ رمضان،55سالہ رضیہ،18سالہ عائشہ،40سالہ ریحانہ،40سالہ وحید،27سالہ مریم،65سالہ غلام فرید،35سالہ منظور،30سالہ شاہد اور18سالہ مصور علی شامل ہیں۔اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال اور لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا ۔جبکہ پولیس نے جاں بحق ہونے والی طالبہ عمارہ کے بھائی کی مدعیت میں میٹرو بس کے ڈرائیوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ایف آئی آر کے مطابق واقعہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اس حادثے کے حوالے سے انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والی طالبہ ایم اے انگلش فائنل ایئر کی طالبہ تھی اور 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی۔ طالبہ کو گجومتہ قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔حادثہ کے بعد ٹریک بند ہونے سے بس سروس معطل ہو گئی جبکہ ریسکیو کی 7 ایمبولینسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں میں حصہ لیا اور زخمیوں کو فوری طور پر جنرل ہسپتا ل منتقل کیا، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ معمولی زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے میٹرو بسوں کے آپس میں تصادم کے نتیجہ میں زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ہدایت کی جس کے بعد تمام زخمیوں کو جنرل ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔ بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر اپنی نگرانی میں طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
میٹرو بس ، حادثہ

ای پیپر دی نیشن