کراچی میں چار منزلہ عمارت منہدم‘ میاں بیوی سمیت چار ہلاک پانچ زخمی

Feb 26, 2019

کراچی(نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں) جعفر طیار سوسائٹی میں 4منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوگئی اور متعدد لوگوں کے ملبے کے نیچے دبنے کی اطلاع ہے۔ کراچی کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں پےر کی صبح ساڑھے 7 بجے 30 سال پرانی 4 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، متعدد لوگوں کے ملبے تلے دبنے کی اطلاع ہے۔ افسوسناک واقعہ میں میاں بیوی سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے اور زخمیوں کونکال کرہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منہدم عمارت میں تین فیملیز رہائش پذیر تھیں، امدادی کاروائیاں شروع کر دی گئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تفصیلی رپورٹ دی جائے کہ عمارت کیسے گری۔ انہوں نے کہا ہرصورت انسانی جانوں کو بچایا جائے۔گورنرسندھ نے کمشنر کراچی کو امدادی کام تیزکرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ ملبے میں دبے افراد کو فوری نکلنے کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، انسانی جانوں کو ہر صورت بچایا جائے جبکہ کراچی بلڈنگ کنڑول اتھارٹی اور ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ناقص کارکردگی ایسے واقعات کی وجہ ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے ابتدائی رپورٹ میں حادثہ کا ذمہ دار مالک مکان کو قرار دے دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تجاوزات کیخلاف کارروائی کے دوران عمارت کا اگلا حصہ گرایا گیا تھا۔ عمارت کو مضبوط بنانا مالک مکان کا کام تھا تاہم اس نے ایسا نہیں کیا جس کے سبب حادثہ ہوا۔

مزیدخبریں