لاہور + مریدکے (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت میں گذشتہ چند ہی روز میں تہرے قتل کا دوسرا واقعہ پیش آگیا۔ دیگر جرائم کے ساتھ ساتھ قتل جیسے گھناو¿نے جرم کی بڑھتی وارداتوں نے لاہور پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے۔ تھانہ باغبان پورہ کی حدود داروغہ والا میں قصائی کی دکان میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو بھائیوں سمیت تین افرادجاں بحق ہوگئے، پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کردیں، تفصیلات کے مطابق داروغہ والا میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر قصائی کی دکان پر دن دیہاڑے فائرنگ کرکے دو بھائیوں سمیت تین افراد کو قتل کردیا گیا۔ مقتولین میں دو بھائی غنی اور زین جبکہ ان کا چچا معراج عرف لبا شامل ہیں۔ فائرنگ کرنے والے دو ملزمان موٹرسائیکل پرآئے ایک حملہ آور نے چادراوڑھ رکھی تھی جبکہ دوسرے نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔ ملزمان قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ریسکیو کی مدد سے طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ، زخمی ہسپتال پہنچ کر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور بازار سنسان ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ مقتولین کی مریدکے علاقہ میں دیرینہ دشمنی چلی آرہی تھی جس سے یہ تہرے قتل کی واردات ہوئی۔ فائرنگ سے تین افراد کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر ایس پی کینٹ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی با غبانپورہ کو واقعہ کی تحقیقات کر کے جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی تاحال ملزمان کا ابھی تک سراغ نہیں لگ سکا۔ نامہ نگار مریدکے کی رپورٹ کے مطابق اقبال قصاب گروپ اور اعجاز ججی بٹ گروپ میں تین سال قبل اس وقت دشمنی کا آغاز ہوا جب بٹ گروپ نے قصاب گروپ کے اقبال قصاب اور اس کے بیٹے کو دن دیہاڑے معمولی بات پر برہنہ کرکے گلیوں بازاروں میں پھرایا تھا جو خونی دشمنی میں بدل گئی، بٹ گروپ کے اب تک چودہ افراد قتل ہوچکے ہیں جبکہ قصاب گروپ کے تین افراد مارے جاچکے ہیں، اقبال قصاب کے دو بیٹے زین اور غنی اپنے چچا معراج دین کے پاس لاہور رہ رہے تھے اور قصاب کا کام کرتے تھے جو سوموار کے روز موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگار کے مطابق ڈیرہ شہر کے گنجان آباد علاقہ اسلامیہ کالونی میں دن دیہاڑے نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ 2افراد جاں بحق، حملہ آور موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود اسلامیہ کالونی میں واقعہ ٹی ایم اے دفتر کے باہر ٹی ایم اے کا نائب قاصد شیعہ ذاکر38 سالہ قیصر عباس ولد غلام عباس قوم کورائیہ سکنہ فقیر آباد ڈیرہ اور بیلدار 22 سالہ دلاور ولد محمد بلال سکنہ بستی درکھانولی ڈیرہ موجود تھے کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے وہاں آکر ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
لاہور / تہرا قتل