میئرلاہورسے یونیسکو سٹی آف لٹریچر ہائڈل برگ کی ملاقات

لاہور(نیوز رپورٹر)میئر لاہور کرنل ( ر) مبشر جاوید سے آج ٹائون ہال میں یونیسکو سٹی آف لٹریچر، ہائڈل برگ ، جرمنی کے وفد نے ملاقات کی۔ میئر لاہور کرنل ( ر) مبشر جاوید اورکمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے جرمنی سے آئے ہوئے وفد کو خوش آمدید کہا ۔ملاقات کے دوران نیک خواہشات اور باہمی تعلقات کا اظہار بھی کیا گیا ۔وفدکی سربراہ ڈاکٹر انڈریا ایڈل نے یونیسکو سٹی آف لٹریچر اورشہر لاہور کو اس کی فہرست میں شامل ہونے کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ڈاکٹر انڈریا ایڈل نے کہا کہ لاہور وہ شہر ہے جہاں ہم اپنے مشن کے مطابق لٹریچر، فلم ، میوزک ، ڈیزائن ، میڈیا آرٹس اورتعلیم میں ترقی اور بہتری لاسکتے ہیں۔بعد ازاں میئر لاہور اور کمشنر لاہور ڈویژن نے یونیسکو سٹی آف لٹریچرکی فہرست میں لاہور سٹی کے شامل ہونے کو خوش آئند اور باعث عزت قرار دیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ یہ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہم یونیسکو سٹی آف لٹریچرکا حصہ بنیں گے ۔میئر لاہورکرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ لاہور ایک ثقافتی ، تاریخی اور ادبی شہر ہے۔اس طرح کے اقدام لاہور کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نہایت موذوں ہوں گے ۔ میئر لاہو رنے کہا کہ اس حوالے سے جو بھی ضروری اقدامات بروئے کار لانے پڑے ہم اس کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

ای پیپر دی نیشن