لاہور( خصوصی نامہ نگار)قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی مارننگ اسمبلی میں ویڈیو لنک پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھا اخلاق اچھے مسلمان کی پہچان ہے،تربیت کے بغیر حاصل کیا گیا علم نفع بخش نہیں، طلباء خود میں حسن اخلاق پیدا کریں، اخلاق سے مراد یہ ہے کہ دوسروں کی برائیوں پر نظر رکھنے کی بجائے اپنی ذات کا محاسبہ کیا جائے، اچھے اخلاق والا وسیع النظر، وسیع القلب، وسیع الظرف ہوتا ہے، دوسروں میں برائیاں ڈھونڈنے والا اورہر وقت تنقید برائے تنقید سے توجہ حاصل کرنے والا ایمان اور حسن اخلاق کی حلاوت سے محروم رہتا ہے۔ حدیث مبارکہ ہے کہ تم میں سے سب سے بہتر وہ لوگ ہیں جن کے اخلاق اعلیٰ ہیں۔ انہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت نے پیغمبر آخر الزماں ؐ کو اعلیٰ اخلاق والا قرار دے کر ان کی فضیلت بیان کی۔ اگر کسی کی زندگی میں اچھا اخلاق، اقدار اور حسن ظن نہیں ہے تو بڑی بڑی ڈگریوں ،عہدوں، مال و دولت کے باوجود وہ انسانی عظمت کی تعریف پر پورا نہیں اترتا، جس تعلیم و تربیت سے انسان کا اخلاق اچھا نہیں ہوتا وہ بیکارہے۔