اسلام آباد (جاوید صدیق ) شارجہ کے حکمران کی اہلیہ شیخہ جواہر بنت محمد القاسمی جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں، نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی افغان مہاجرین کی فراخدلی سے مہمان نوازی کرنے پر تعریف کی ہے اور شکریہ ادا کیا ہے۔ شیخہ جواہر بنت محمد القاسمی جو ان دنوں پاکستان میں ہیں، ایک فلاحی ادارہ ’’ بگ ہیڈ فائونڈیشن‘‘ کی چیئرپرسن بھی ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی معاون ہیں۔ موصوفہ نے افغان مہاجرین کی پاکستان میں چالیس سال مکمل ہونے پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت بھی کی ہے۔ شارجہ کے حکمران کی اہلیہ نے گذشتہ روز یہاں مہاجر خواتین کے تربیتی مرکز میں خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آپ بالکل محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ افغان مہاجر خواتین سمیت 360 خواتین اس تربیتی مرکز میں مختلف ہنر سیکھ رہی ہیں۔ شیخہ جواہر بنت محمد نے تربیت پانے والی خواتین کی تعریف کی اور کہا کہ بچوں کی صحت اور تعلیم پر انھیں خصوصی توجہ دینی چاہیے۔