سہارا میڈیکل کالج کیخلاف 18 لاکھ 90 ہزار کی ڈگری جاری

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) مقامی عدالت نے معروف گلوکار و ہلال احمر کے چیئرمن ابرار الحق کے سہارا میڈیکل کالج کیخلاف 18 لاکھ 90 ہزار روپے کی ڈگری جاری کرتے ہوئے سہارا میڈیکل کالج کی سابق پروفیسر ڈاکٹر فاطمہ محبوب کی تنخواہیں ادا کرنے کاحکم دے دیا۔ سول جج محمد احمد نے دعویٰ پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سہارا میڈیکل کالج انتظامیہ نے 4 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ پر نوکری کا کنٹریکٹ کیا، 17 دسمبر 2015ء سے 24 اپریل 2016ء تک سہارا میڈیکل کالج میں خدمات انجام دیں مگر تنخواہ کی مد میں ایک روپیہ بھی ادا نہیں کیا گیا۔ تنخواہ کا تقاضہ کرنے پر ہراساں کیا گیا اور شوکاز نوٹس بھی دیا گیا، ٹرسٹ کو خاندانی کاروبار کی طرز پر چلایا جا رہا ہے، ابرار الحق کے قریبی رشتہ دار سہارا فار لائف ٹرسٹ میں اہم عہدوں پر براجمان ہیں اور چندے کی رقم سے بھاری تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، سہارا میڈیکل کالج انتظامیہ کے برے رویے سے ذہنی اذیت پہنچی، سہارا میڈیکل انتظامیہ سے تنخواہ کی مد میں 18 لاکھ 90 ہزار روپے دلوائے جائیں، ذہنی اذیت پہنچانے پر 50 لاکھ روپے کی ڈگری بھی جاری کی جائے، عدالت نے گواہوں کے بیانات کی روشنی میں سہارا فار لائف ٹرسٹ اور میڈیکل کالج کیخلاف ڈگری جاری کر دی۔

ای پیپر دی نیشن