نئی دلی(این این آئی)کانگریس کے سینئر رہنما اور کرناٹکا کے سابق وزیر اعلی سدارامیانے مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے کے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے بی جے پی سے کہا ہے کہ وہ وادی کشمیرمیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں تقریب منعقد کرکے مقبوضہ علاقے میں صورتحال معمول پر آنے کے اپنے دعوے کو درست ثابت کرے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سدارامیانے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اگر بی جے پی کو لگتا ہے کہ کشمیر میں معمول پر آگئے ہیںاورحکومت وہاں تشدد کے واقعات میں ملوث نہیں ہے تو اسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں کشمیر میں تقریب منعقد کرکے اپنے دعوئوںکو ثابت کرناچاہیے ۔سدارامیانے جو کرناٹک اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں ایک اور ٹویٹ میں ٹرمپ کے دورے سے قبل کچی آبادی کے منظر کو چھپانے کیلئے احمد آباد کے ہوائی اڈے کے قریب تعمیر کی گئی طویل دیوار پر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقیدکا نشانہ بنایا۔ امریکی صدر ٹرمپ خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور اعلی سطح کے ایک وفد کے ہمراہ پیر کے روز بھارت کے دورے پر پہنچے تھے ۔