اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کا بیان نوازشریف نہیں پنجاب حکومت کے خلاف ہے، فواد چوہدری نے پنجاب حکومت، یاسمین راشد اور سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز کو جھوٹا اور فراڈ قرار دیا ہے، فواد چوہدری پنجاب حکومت کے ساتھ اپنا ذاتی حساب برابر کرنے کے لئے نوازشریف کے کاندھے پر رکھ کر بندوق نہ چلائیں۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کے ٹویٹ پر جواب میں طلال چوہدری نے کہا عدالت کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق نوازشریف کی تمام میڈیکل رپورٹس جمع کرائی گئیں، ایسے بیانات دے کر فواد چوہدری کا وزیراعلی پنجاب بننے کا ارمان پورا نہیں ہوگا ،پنجاب حکومت کے خلاف بیان کی وجہ بظاہر پی ٹی آئی سے فواد چوہدری کی جلد رخصتی کی نشاندہی ہے ۔ انہوں نے کہا فواد چودھری کے بیان کا ایک مطلب یہ ہے کہ وہ پنجاب حکومت اور بزدار صاحب کو فراڈ اور مشکوک قرار دے رہے ہیں۔