سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو سابق صدر حسنی مبارک کی وفات پر تعزیت پیش کی ہے۔مبارک کے اہل خانہ کے مقرب ذرائع نے عرب ٹی وی کو بتایاکہ سابق صدر کی نماز جنازہ قاہرہ کے مشرق میں المشیر طنطاوی مسجد میں ادا کی جائے گی۔ مصری ایوان صدارت نے حسنی مبارک کی وفات پر بدھ کے روز سے 3 روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے ۔مذکورہ ذرائع کے مطابق سابق صدر کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا تھا۔ منگل کو علی الصبح ان کی حالت بہت زیادہ بگڑ گئی اور جسمانی نظام کے بڑے حصے نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ یہاں تک کہ وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔مصر میں ایوان صدارت نے حسنی مبارک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا انہوں نے اکتوبر 1973 کی جنگ میں بہادری کے جوہر دکھائے۔ جنگ کے دوران مبارک نے مصری فضائیہ کی کمان سنبھالی۔مصر کی مسلح افواج نے بھی مبارک کو اپنا ایک اہم رکن اور اکتوبر 1973 کی جنگ کا ایک قائد قرار دیا۔
حسنی مبارک کی وفات پر سعودی فرماں روا اور ولی عہد کی تعزیت
Feb 26, 2020 | 11:07