سونا 1150 روپے تولہ سستا‘ ڈالر کی قیمت 6 روپے گرنے کا امکان ہے: کریڈٹ سوئز

Feb 26, 2020

لاہور‘ کراچی (کامرس رپورٹر + آن لائن) ڈالر کی قیمت میں 6 روپے تک کی کمی کا امکان ہے۔ کریڈٹ سوئز کے مطابق آنے والے دنوں میں پاکستانی روپے کی قدر میں 4 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی ادارے کریڈٹ سوئس کی جانب سے پاکستانی معیشت کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آنے والے دنوں میں شرح سود اور ڈالر کی قیمت میں کمی کے واضح امکانات ہیں۔ کریڈٹ سوئز کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح بڑھی ہے مگر اس کے باوجود شرح سود میں اضافے کا امکان نہیں۔ سٹیٹ بینک مہنگائی میں کمی کا انتظار کررہا ہے، جیسے ہی حالات میں کچھ بہتری آئی شرح سود میں کمی کردی جائے گی۔ کریڈٹ سوئس کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے روپے کی قدر میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ روپے کی قدر مستحکم ہو چکی ہے۔ جبکہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کہ ملک کے کل زرمبادلہ ذخائر تقریباً 19 ارب ڈالرز کی سطح کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں قیمت کم ہونے کے باعث پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار ایک سو پچاس روپے کمی سے پچانوے ہزار ایک سو پچاس روپے تولہ ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 4 پیسے کے اضافے سے 154 روپے 25 پیسے رہی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 10 پیسے کی کمی سے 154 روپے 30 پیسے اور یورو کی قیمت فروخت 10 پیسے کی کمی سے 166 روپے 50 پیسے رہ گئی جبکہ برطانوی پاونڈ کی قیمت فروخت 200 روپے 50 پیسے برقرار رہی۔

مزیدخبریں