حمید نظامی قائداعظم کے سپاہی‘ تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا:سلیم ملک

لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک پاکستان میںحمید نظامی نے قائداعظمؒ کے سپاہی کی حیثیت سے بھرپور حصہ لیا۔ پنجاب میں تحریکِ پاکستان کے ہر اول دستے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کو منظم کرنے میں ان کا کردار تاریخ ساز اہمیت کا حامل ہے۔ حمید نظامی اول تا آخر پاکستانی تھے۔ انہوں  نے پاکستان میں اصولوں پر مبنی صحافت کی بنیاد رکھی، ان کا قلم جمہوری اقدار کے مخالفین کیلئے برہنہ شمشیر کی مانند تھا ۔ان خیالات کا اظہار تحریکِ پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن کرنل(ر) سلیم ملک نے ایوانِ کارکنان تحریکِ پاکستان میں تحریکِ پاکستان کے سرگرم کارکن‘ نامور صحافی اور مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے بانی صدر حمید نظامیؒ کی 59 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ کرنل(ر) سلیم ملک نے کہا کہ 1937ء میں حمید نظامی اسلامیہ کالج یونین کے سیکرٹری منتخب ہوئے۔ پنجاب میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن فعال کردار ادا کرنے لگی۔ حمید نظامی مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پہلے صدر منتخب ہوئے۔ ستمبر 1937ء سے اپریل 1938ء تک علامہ محمد اقبالؒ سے تین چار طویل ملاقاتیں ہوئیں۔حمید نظامی کی وفات کے بعد مجید نظامی نے اس مشن کو آگے بڑھایا اور نوائے وقت کو ایک تحریک کی شکل دیدی ۔آج رمیزہ مجید نظامی اس مشن کو آگے لیکر بڑھ رہی ہیں ، پروفیسر لطیف نظامی نے کہا حمید نظامی نے ہمیشہ پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھا۔ وہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے واضح اور قابلِ عمل لائحہ عمل بناتے اور پھر اس پر عمل پیرا ہوجاتےتھے۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یہ الفاظ کہ ’’میری قوم کو حمید نظامی جیسے ہوش مند نوجوان میسر ہوں تو اس قوم کا مستقبل روشن اور تابناک ہے‘‘ حمید نظامی کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

ای پیپر دی نیشن