نارنگ منڈی+ مریدکے(نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں ڈاکہ ڈالا گیا حکمران خود الیکشن چوری میں ملوث ہیں ڈسکہ الیکشن میں دھاندلی نہیں دھاندلاہوا ہے حکمران ہوش کے ناخن لیں انہوں نے میڈیا سے باتیں کرتے کہا کہ تحریک انصاف نے کوئی ضمنی الیکشن نہیں جیتا بلکہ حکومت عادی ووٹ چور ہے۔ جس بھونڈے طریقے سے الیکشن چرانے کی مذموم سازش کی گئی ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ضمنی الیکشن کے متنازعہ ہونے کی ذمہ دارحکومت ہے ان کے نئے پاکستان میں الیکشن کمیشن کا عملہ بھی چوری ہوگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور انکے مشیروں نے جھوٹ کے ذریعے ملک کے اہم معاملات کو بھی نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ ن سمیت پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اپنے اہداف با آسانی حاصل کر لیں گی ۔