لاہور +اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی+اپنے نامہ نگار سے) پنجاب سے سینٹ کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں جس میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے 5، 5 جبکہ (ق) لیگ کا ایک امیدوار شامل ہے۔ سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 3 مارچ کے بعد جاری کیا جائے گا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے سینٹ کی 11 نشستوں میں سے پی ٹی آئی کے 5، مسلم لیگ (ن) کے 5 اور مسلم لیگ (ق) کا ایک امیدوار کامیاب ہوا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اعجاز چوہدری، عون عباس، سیف اللہ نیازی، زرقا تیمور اور علی ظفر سینٹ کی نشستیں جیت گئے ہیں۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ساجد میر، عرفان الحق صدیقی، افنان اللہ خان، سعدیہ عباسی اور اعظم نذیر تارڑ اور مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا کامیاب ہوئے۔ واضح رہے کہ افنان اللہ خان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور حال ہی میں انتقال کرنے والے مشاہداللہ مرحوم کے بیٹے ہیں۔ پنجاب الیکشن کمیشن کے مطابق عظیم الحق منہاس اور سیف الملوک کھوکھر نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔