5 مدراینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال منظور، شفاف پاکستان کی بنیاد رکھ دی: عثمان بزدار

Feb 26, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صوبے میں مزید 5 مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتالوں کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبوں پر تقریباً 28 ارب روپے لاگت آئے گی۔ ہسپتال اٹک، لیہ، راجن پور، بہاولنگر اور سیالکوٹ میں بنائے جائیں گے ۔ یہ ہسپتال اگلے دو برس میں مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے کیونکہ معیاری علاج معالجے کی سہولتوں تک رسائی زچہ و بچہ کا حق ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت اور متعلقہ محکمے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کے منصوبوں سے متعلقہ امور کو جلد نمٹائیں۔ پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا۔  وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ 8 مارچ سے صوبے میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو کرونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا اور پنجاب میں 60 برس سے زائد عمر کے تقریباً 75 لاکھ افراد کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔ پنجاب میں 47 ہزار فرنٹ لائن ہیلتھ پروفیشنلز کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے اور سوا دو لاکھ ہیلتھ پروفیشنلز کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔ اجلاس میں لاہور میں پری فیبریکیٹڈ انفیکشن ڈیزیز کا ہسپتال بنانے کی تجویز پیش کی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف حکومت ہے۔ اڑھائی برس میں حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ پراپیگنڈا کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعووں سے نہیں ہوتی۔ الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانوں میں جھانکیں۔ عمران خان کی صورت میں پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ہے۔ اڑھائی برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عام انتخابات میں شکست خوردہ عناصر حکومت کے خلاف پہلے دن سے ہی سازشیں کر رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے حکومت کے خلاف ہر سازش ناکام ہوئی۔ پی ڈی ایم والے پاکستان میں انتشار پھیلا کر دشمن کے ایجنڈے کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔عثمان بزدار سے سینٹ  کے بلامقابلہ منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے امیدوار اعجاز احمد چودھری اور ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف اور ق لیگ کے بلامقابلہ نو منتخب سینیٹرز کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کامیاب حکمت عملی کے ذریعے سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرایا اور منڈیاں لگانے والوں کی سیاست کو ناکام بنایا ہے۔ پنجانب میں شفافیت کی جیت ہوئی اور بولیاں لگانے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

مزیدخبریں