کراچی (نیوز رپورٹر) اردو زبان ایک مکمل تہذیب و تمدن کا نام ہے۔ یہ بات معروف ادیب و شاعر پروفیسر شاداب احسانی نے عالمی زبانوں کے دن کے موقع پر پاکستان قومی زبان تحریک سندھ / بلوچستان کے زیر اہتمام بہادر یار جنگ اکیڈمی میں صدارتی خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہر زبان کا اپنا اپنا رنگ ہے اور اردو زبان کا رنگ سب زبانوں سے منفرد ہے کیونکہ اردو زبان ایک تہذیب و ثقافت کا نام ہے۔ یہ پوری دنیا میں بڑے فخر سے بولی اور لکھی جاتی ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر انیس زیدی نے کہا کہ ہمارے ملک میں بولی جانے والی زبان ہماری زبان ہے۔ ہم تمام زبانوں کا احترام کرتے ہیں۔ ہمیں سب زبانیں عزیز ہیں مگر اردو قومی زبان ہے ہمیں اس کا بھی احترام کرنا پڑے گا۔ آئین و قانون کے مطابق ہم پر فرض ہے۔ قبل ازیں قومی زبان تحریک کے منتظم اعلیٰ ناصر شاہ نے کہا کہ ہر پیدا ہونے والا بچہ مادر رحم میں ہی اپنی مادری زبان سیکھ کر پیدا ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے مادری زبان بولنے والا کہلاتا ہے۔ پروفیسر شکیل فاروقی نے کہا کہ ہماری ہر زبان میٹھی زبان ہے اور ہم اس کی قدر کرتے ہیں۔ تقریب سے قومی زبان تحریک کے جنرل سیکریٹری نفیس احمد خان، صدر ساجدہ پروین، خواتین ونگ کی افسر سلطانہ، قمر کوثر گل، ابو بکر، انجینئر وسیم احمد فاروقی، ایم افراہیم و دیگر نے خطاب کیا جبکہ میزبانی کے فرائض نوارہ مانا مختار نے خوبصورتی سے سرانجام دیئے ۔