کھیلوں کے فروغ کیلئے اسپورٹس پالیسی تیار کر رہے ہیں: امتیاز شاہ

Feb 26, 2021

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) جامعہ این ای ڈی میں ایچ ای سی،اسلام آباد کے اشتراک سے آل پاکستان انٹرورسٹی ویمنزفٹبال چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اسپورٹس سید امتیاز علی شاہ نے کہا کہ حکو مت سندھ کھیلوں کے فروغ کے لیے اسپورٹس پالیسی پر کام کررہی ہیں،کھیل کے میدان میں طالبات کا آگے آنا بہت ضروری ہے، جامعہ این ای ڈی کا کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار رہا ہے۔ جامعہ کے سو برس مکمل ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ جامعہ این ای ڈی کھیلوں کی ترقی میں بھی اہم کردار رہی ہے،بین الاقوامی سطح کا ٹارٹن ٹریک، یہاں کا فٹبال گراؤنڈ جب کہ اس شاندار فٹبال مقابلوں کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھاکہ جیتنے کی خوشی اپنی جگہ ہے لیکن مقابلوں میں شرکت ازحد ضروری ہے۔کووڈ کے پیش نظر اپنی نقل و حرکت کو محدود کرنا وقت کا تقاضہ تھا،اب کھیل کے میدانوں کا آباد ہونا خوش آئند ہے۔ ایونٹ میںاین ای ڈی یونی ورسٹی سمیت پاکستان بھر سے10تعلیمی اداروں کی طالبات ان فٹبال مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں، جن میں کراچی یونی ورسٹی،بے نظیر بھٹو شہید یونی ورسٹی لیاری، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی، پنجاب یونی ورسٹی لاہور، لاہورویمن کالج یونی ورسٹی، بہاالدین زکریا یونی ورسٹی ملتان، ویمن یونی ورسٹی ملتان شامل ہیں۔

مزیدخبریں