میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی ‘ وطن کی طرف  بڑھنے والا ہاتھ کاٹ دیں گے: صدر 

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)   میراج طیاروں کو پاک فضائیہ کا حصہ بنے 50 سال مکمل ہو گئے۔ گولڈن جوبلی تقریبات جاری ہیں۔ پہلا میراج طیارہ اڑانے والے ائر وائس مارشل (ر) فاروق عمر کوخصوصی شیلڈ دی گئی۔ دسمبر 1971 ء کو بھارتی کینبرا جہاز گرانے والے پائلٹس کو شیلڈ دی گئی۔ ائر کموڈور (ر) صفدر اور سکواڈرن لیڈر جمیل شوکت کو اعزاز شیلڈ دی گئی۔ میراج طیاروں کی انجینئرنگ ٹیم کو بھی ایوارڈز دیئے گئے۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ  میں حصہ لینے والے افسروں کو ایوارڈ دیئے گئے۔ پی اے ایف سکواڈرن 22 اور 27 کے آفیسر کمانڈرز کو بھی شیلڈز دی گئیں۔ اس موقع پر صدر عارف علوی نے خطاب میں کہا کہ پاک فضائیہ کے میراج طیاروں کی انجینئرنگ ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انجینئرز اور ٹیکنیشنز پر فخر ہے جو ہمارے حقیقی ہیروز ہیں۔ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے۔ پاک فضائیہ کسی بھی دوسری ائر فورس سے کم نہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو امن کی پیشکش کی۔  بھارت ایک قدم آگے بڑھے تو ہم دو قدم بڑھیں گے۔ پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ اس کی شاندار مثال ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر ہے۔ وطن کی طرف  بڑھنے والا ہاتھ کاٹ دیں گے۔ جو آکھ اٹھے گی اسے نکال دیں گے۔ امن کی خواہش کے ساتھ دفاع کیلئے بالکل تیار ہیں۔ پاکسان دہشتگردی کیخلاف اپنی فوج اور عوام کی وجہ سے کامیاب رہا۔ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ ہمارے میراج طیارے جنگوں میں امیدوں پر پورا اترے ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں میراج طیاروں نے اہم کردار ادا کیا۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں بھی میراج طیاروں نے مایوس نہیں کیا۔ کامرہ فیکٹریز میراج طیاروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔ پی اے ایف درپیش اقتصادی چیلنجز پر اپنے اثاثہ جات پر انحصار کرتی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن