واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدرجو بائیڈن نے اپنے پیشرو ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی شہریوں اور رہائشیوں کے اہل خانہ اور متنوع لاٹری ویزا حاصل کرنیوالوں کے لئے قانونی امیگریشن پرعائد پابندی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ ٹرمپ کے گرین کارڈ درخواست دہندگان اورغیر ملکی عارضی کارکنوں کو روکنے کے حکم سے امریکی مفادات کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔ بائیڈن نے کہا کہ اس کے برعکس اس سے امریکہ کو نقصان ہوا اور امریکی شہریوں کے کچھ اہل خانہ اور قانونی طور پر مستقل رہائشیوں کے یہاں مقیم ان کے خاندانوں سے ملاپ کو روکا گیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ اس سے امریکی صنعتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ جوپوری دنیا سے باصلاحیت افراد سے استفادہ کرتی ہیں۔ اس سے ان افراد کو بھی نقصان ہوا جنہیں یہ موقع حاصل کرنے کے لئے درخواست دینے کے لئے منتخب کیا گیا اور اس کے ساتھ انہیں بھی نقصان ہوا جنہوں نے مالی سال2020ء کے متنوع لاٹری ویزا پروگرام کے ذریعے امیگرنٹ ویزا حاصل کیا تھا۔ ٹرمپ نے پابندی 2020 ء میں نافذ کی تھی۔