گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کنٹرول لائن پرجنگ بندی کی مکمل پاسداری پر پا ک بھارت اتفاق کو”امن کی جیت“ قراردیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت اس معاہدے کی پاسداری کرتا ہے تو یہ آئندہ کی طرف ایک مثبت قدم ہو گا۔ مسائل جنگ سے نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوسکتے ہیں۔پاک بھارت تعلقات کی مضبوطی اور امن کے مکمل قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا بھی لازم ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز گور نر ہاؤس میں ایک تقر یب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ عمران خان جب سے وزیر اعظم بنے ہیں وہ امن اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی بات کر رہے ہیں مگر بدقسمتی سے بھارت کا جنگی جنون ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر آج کنٹرول لائن سمیت دیگر تمام سیکٹرز پر بھارت نے پاکستان کے ساتھ مکمل جنگ بندی کی پاسداری پر اتفاق کیا ہے تو یہ امن اور پاکستان کے موقف کی جیت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر بھارت اس معاہدے کی پاسداری کرتا ہے تو یہ آئندہ کی طرف ایک مثبت قدم ہو گا۔گور نر پنجاب نے کہا کہ پاکستان آج بھی ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کو خلوص نیت کے ساتھ اس سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرنا ہو گی اور اس کے ساتھ ساتھ بھارت کو بے گناہ کشمیریوں پربدتر ین دہشت گردی اوران کی نسل کشی جیسے جرائم اور کشمیر میں ڈیڑھ سال سے زائد جاری لاک ڈاؤن کو بھی ختم کر نا ہوگا۔چوہدری محمدسرور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان جنگ نہیں ہمیشہ سے امن کی بات کر رہا ہے مگرہم ایک بار پھر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ دشمن امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب بھی دشمن پاکستان کے خلاف کوئی شرارت کر ے گا تو اس کو پہلے سے زیادہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کر نے والی تنظیموں کو سپورٹ کر نا بند کر ے اور امن کا ساتھ دے۔ گور نر پنجاب نے جنوبی وزیر ستان سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان کی کامیاب کاروائیوں پر افواج پاکستان کو خر اج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں افواج پاکستان نے جو قربانیاں دی ہیں وہ پوری دنیا کے لیے مثال ہیں اور پاک افواج کے شہداء کی قربانیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان سے دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور پاکستان امن کا گہوار ہ بنے گا۔