لاہور(نیوز رپورٹر ) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اہل لاہور کو ایک اور بڑا تحفہ دیا ہے۔اپنے بیان میں حسان خاور کا کہنا تھا کہ بزدار حکومت کے لاہور کے داخلی اور خارجہ راستوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔سردار عثمان بزدار نے سگیاں روڈ شرقپور روڈ کی تعمیر و بحالی کے بڑے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت سے جڑے اس منصوبے پر 4ارب 32 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔منصوبہ 8ماہ کی مختصر مدت میں مکمل کیاجائے گا۔معاون خصوصی نے کہا کہ بزدار حکومت صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہی ہے۔پنجاب حکومت ریکارڈ ہسپتالوں اور یونیورسٹیوں سے اہل پنجاب کی تقدیر بدل رہی ہے۔پنجاب کا چپہ چپہ بلا تفریق ترقی سے پھل پھول رہا ہے۔فوٹو شوٹ سرکار کی طرح دکھاوے پر نہیں بلکہ اصل ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا اتحادیوں پر مکمل اعتماد ہے ,ڈنکے کی چوٹ پر پانچ سال پورے کریں گے۔آصف زرداری کا مشن لاہور ناکامی کی طرف گامزن ہے۔پی پی پی پچ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے۔دریں اثناء ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور اور لاہور قلندر کے سی ای او رانا عاطف کی دعوت پر صحافیوں کو میچ دکھایا گیا۔ اس موقع پر حسان خاور کا کہنا تھا پی ایس ایل کا پر امن اور کامیاب انعقاد کروا کر دنیا کو پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے۔