پاکستان میں ایتھوپیا کا سفارتخانہ جلد کھولا جائیگا،رضوان حسین رامیتو

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور رضوان حسین رامیتو نے کہا کہ پاکستان میں ایتھوپیا کا ایک سفیر تعینات کیا جا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جلد ہی پاکستان میں ایتھوپیا کا ایک سفارت خانہ کھولا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رضوان حسین رامیتو نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستانی تاجروں کو ویزہ آن ارائیول کی سہولت فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ ان کے ملک کا دورہ کر کے اپنے لئے کاروبار کے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان پروازوں کی بحالی پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کے درمیان رابطوں اور تجارتی تعلقات کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا 80 فیصد ادویات امپورٹ کر رہا ہے لہذا پاکستان کے فارما شعبے کے سرمایہ کاروں کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ ایتھوپیا میں جوائنٹ وینچرز قائم کر کے اس کی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ افریقی ممالک کو اپنی ادویات برآمد کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا اپنے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو 10 سال کی ٹیکس چھوٹ دے رہا ہے لہذا پاکستانی سرمایہ کار اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کیلئے ایتھوپیا میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان فارما سوٹیکلز، گارمنٹس، ٹیکسٹائل، سیمنٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے فائدہ اٹھایا جائے۔  اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاکستان تجارت اور برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے افریقی خطے میں خصوصی دلچسپی لے رہا ہے کیونکہ افریقہ ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن