لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے نام پر خرید و فروخت جاری ہے۔ نواز شریف نے خرید و فروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی۔ خرید و فروخت کا بازار سجانے والے سن لیں عمران خان ترپ کا پتا کھیلے گا۔ انہوںنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو 5 سال پورے کرتا دیکھ رہا ہوں۔ یہ راتیں، یہ ملاقاتیں، یہ باتیں اور کھانے سب ڈرامہ ہے۔ تحریک عدم اعتماد ہوگی یا نہیں کچھ پتہ نہیں۔ سیاست میں خرید و فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گا۔ اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودنے جا رہی ہے۔ امید ہے اتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ بکنے والے کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ ضمیر فروش کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں۔ ادارے منتخب حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آصف زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں۔ عمران خان ایسا ڈرون مارے گا یہ سیاسی طور پر نیست و نابود ہوجائیں گے۔ جو عمران خان کو چھوڑے گا وہ نااہل ہوجائے گا۔ ایک سال بعد الیکشن ہیں، لوگ بکاؤ مال کو منہ نہیں لگائیں گے۔ اقتدار کے بھوکے ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے۔ یقین ہے تمام اتحادی عمران خان کو ووٹ دیں گے۔ عمران خان جرأت سے اپوزیشن کے کھیل کا مقابلہ کرے گا۔ سارے مفاد پرست اکٹھے ہو رہے ہیں لیکن عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان اپوزیشن کیلئے مزید چیلنجنگ ہو جائیں گے۔ مفاد پرست ٹولے کو ڈر ہے کہ کچھ نہ ہوا تو ان کی کھال اتر جائے گی۔ عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان رابطے سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان چوچا نہیں ہے، وہ 25 سال سے اس کھیل میں ہے، عمران خان ایسا سیاسی ڈرون مارے گا کہ یہ سیاسی طور پر نابود ہو جائیں گے۔ عمران خان کو جہانگیر ترین سے بات چیت کرنی چاہیے۔ 14، 14 سال مردے اکھاڑنے والے مل سکتے ہیں تو جہانگیر ترین اور عمران خان تو دوست ہیں وہ کیوں نہیں مل سکتے۔ تحریک عدم اعتماد میں کوئی جان نہیں۔ اپوزیشن نے نام لے کر اداروں کو گالیاں دیں۔ اپوزیشن والے ہر اس گھر میں خیرات مانگنے جارہے ہیں جو ان کے دل میں کھٹکتا ہے۔ جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، ووٹ کو گڑھے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، انہیں مہنگائی کا بھی احساس ہے۔ اس حکومت کا ایک سال رہ گیا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے۔ تحریک عدم اعتماد میں کوئی جان نہیں۔ وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی کامیاب رہا، بھارت کو وزیراعظم کا دوہ روس ایک آنکھ نہیں بھاتا۔
شیخ رشید
بکنے والے منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے عمران کو چھوڑنے والا نااہل ہوجائے گا
Feb 26, 2022