روس کیساتھ تجارت کا دروازہ کھل گیا دورہ سے برآمدات متاثر نہیں ہونگی عبدالرزاق دائود

لاہور( کامرس رپورٹر ) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ روس سے پاکستان کی برآمدات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ،ہماری برآمدات ٹریک پر ہیں اور رواں مالی سال 30جون تک ریکارڈ ایکسپورٹ ہو گی اور اپنے اہداف بآسانی حاصل کر لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے   ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ کے شعبہ میں پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایکسپو سنٹر میں اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ''پاکستان ہیلتھ کیئر اینڈ انجینئرنگ شو2022 '' میں شرکت کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عبد الرزاق دائود نے کہا کہ رواں مالی سال کیلئے اشیاء  کی ایکسپورٹ کا ہدف 31ارب ڈالر ہے جبکہ سروسز کی ایکسپورٹ کا ہدف 7ارب ڈالر مقرر ہے۔ بھارت سے تجارت کے حوالے سے کئے جانے والے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بطور مشیرتجارت میں تو کہتا ہوں ساری دنیا سے تجارت کرنی چاہیے۔  روس سے تجارت کے لئے بینکنگ سسٹم ڈویلپ کرنا پڑے گا کسٹمز کے پروسیجرز پورے کرنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی صرف تجارت کا دروازہ کھول دیا ہے ان کے وزیر تجارت سے ویڈیو کانفرنس ہوئی اور یہ سارا سلسلہ شروع ہو ا۔ ابھی جو چیزیں چاہئیں وہ واضح ہوں تو پتہ چلے گا اور اس میں کم از کم چھ ماہ لگیں گے۔ ہماری بہت محنت ہوئی ہے ، جب ایسے حالات ہوں تو تجارت سوچ سمجھ کر اور دیکھ کر نی چاہیے کہ کس طرح فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے ، کورونا کی وجہ سے نمائش نہیں کر سکتے تھے جب اس کازور ٹوٹا ہے تو پہلاایونٹ کیا ہے ۔جن لوگوں کو اس نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے وہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے ہیں ،نمائش میں تین سو سے زائد وفود آئے ہیں ،ان شا اللہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اس نمائش کا دورہ کریں گے۔
عبدالرزاق دائود

ای پیپر دی نیشن