لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 7 کے پلے اآف مرحلے کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں فائنل سے لاہور قلندرز کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 162 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔آصف علی کے آئوٹ ہونے سے پہلے تک اسلام آباد کی میچ پر گرفت بہتر تھی تاہم اس کے میچ میں غیر یقینی کی صورتحال غالب آگئی، ڈیوڈ ویسا نے آخری اوور میں 4 گیندوں پر صرف 1 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کرلی۔ اعظم خان 40، ایلکس ہیلز 38، آصف علی 25 رنزکیساتھ نمایاں رہے ۔ شاداب خان 14، پال سٹرلنگ13 اور لیم ڈوسن 12 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ شاہین آفریدی، حارث رئوف اور زمان خان نے 2،2 جبکہ ڈیوڈ ویسا نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل لاہورقلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور7 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔ عبد اللہ شفیق واحد نصف سنچری میکر تھے جنہوں نے 52رنز بنائے ۔ دیگر میں کامران غلام 30، محمد حفیظ 28، سمت پٹیل21 بناکر پویلین لوٹ گئے۔ڈیوڈ ویسا نے آخری اوور میں 26 رنز بنائے اور ٹیم کو قابل دفاع ہدف تک پہنچا دیا، انہوں نے 8 گیندوں پر28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے اس دوران 3 چھکے اور 1 چوکا لگایا۔ لیم ڈوسن اور محمد وسیم نے 2،2 جبکہ وقاص مقصود اور شاداب خان نے 1،1 کھلاڑی کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ ڈیوڈ ویسا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ فاتح ٹیم کل فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گی ۔
پی ایس ایل میچ