کوئٹہ+ لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ نیٹ نیوز) بلوچستان کے ممتاز قومیت پرست سیاستدان ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق سیاسی رہنما کے بیٹے کا کہنا ہے کہ عبدالحئی کوئٹہ سے لاہور جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے، میت پہاولپور سے آبائی علاقے بھاگ کیلئے روانہ کردی گئی ہے۔ بلوچستان کے بزرگ سیاستدان 76 سالہ ڈاکٹر عبدالحئی کا شمار صوبے کے ممتاز قوم پرست سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ ان کی نماز جنازہ کل ادا کی جائیگی، ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ رکن قومی اسمبلی، سینیٹر، بلوچستان نیشنل موومنٹ اور نیشنل پارٹی سے وابستہ رہے۔ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ یکم فروری 1946 کو بولان کے علاقے بھاگ میں پیدا ہوئے، انہوں نے ڈاؤ میڈیکل کالج کراچی سے ایم بی بی ایس کیا، وہ پیشہ کے لحاظ سے ڈاکٹر تھے تاہم زیادہ تر سیاست میں سرگرم رہے۔ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے کیا اور بی ایس او کے پہلے چیئرمین رہے، وہ 1970 کے عام انتخابات میں نیشنل عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ بلوچستان نیشنل موومنٹ اور نیشنل پارٹی سے وابستہ اور سینیٹ کے رکن بھی رہے۔ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے کچھ عرصہ قبل نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کینام سے نئی سیاسی جماعت قائم کی تھی۔ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ قوم پرست سیاست دان اور شعلہ بیاں مقرر تھے، انہیں عوامی اور سماجی حلقوں میں کافی پزیرائی حاصل تھی۔ انہیں 2016 میں آرٹس کونسل کی جانب سے جالب امن ایوارڈ بھی دیا گیا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، اسد قیصر، قاسم سوری، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو و دیگر رہنماؤں نے سابق سینیٹر اوربزرگ سیاستدان ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی ٹریفک حادثے میں وفات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ سادہ طبیعت ، ملنسار اور ہنس مکھ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ پختہ سیاسی نظریات رکھنے والے رہنما تھے، ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچستان کے موثر آواز اور بہترین پارلیمنٹیرینز تھے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بزرگ سیاستدان ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کے انتقال سے بلوچستان کے حقوق کی جدوجہد کا ایک بے لوث باب بند ہو گیا۔ دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ ایک مخلص اور زیرک سیاسی رہنما تھے۔ادھر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی حادثے میں ناگہانی وفات پر صدمہ ہوا ہے۔۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، یہ با ت انہوں نے جمعہ کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ آخر میں تمام رہنماؤں نے اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں مقام بلند پر سرفراز فرمائے، لواحقین کو صبرجمیل دے۔ آمین
انتقال