کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت پولیس کے دو اہلکار شہید‘ ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ شہید اہلکاروں میں سے ایک اے ایس آئی اور دوسرا کانسٹیبل تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور فائرنگ کا نشانہ بننے والے پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ پولیس کی وین پر فائرنگ کی گئی تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح ہوا کہ مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ مقامی ہوٹل میں کھانا کھانے کے لئے بیٹھے ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیان میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور دہشت گردی کے واقعے میں جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے علاقے کی سکبورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
2 اہلکار شہید