روس سے تجارت کیلئے بینکنگ چینل کھولا جائے: ایس ایم منیر

Feb 26, 2022

کراچی (کامرس رپورٹر) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر اور صدر سلمان اسلم نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ روس کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ روس سے تعلقات میں بہتری پاکستان کیلئے بہت مفید ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس سے تجارت کیلئے بینکنگ چینل کھولا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ ہو اور رقم کی منتقلی آسان بنائی جائے۔ سرپرست اعلی کاٹی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ایشیا کا مستقبل تبدیل کرنے والا منصوبہ ہے اور روس کو اس منصوبے کی اہمیت کا اندازہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روس سی پیک میں شراکت دار بنتے ہوئے اس سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سنگل کنٹری نمائش اور تجارتی وفود کا تبادلہ کیا جائے۔ صدر کاٹی نے تجویز دی کی روس سے تجارت ڈالر کی بجائے مقامی کرنسی میں کی جائے تاکہ اس سے دونوں ممالک کی معیشت اور تاجروں کو بھرپور فوائد حاصل ہو سکیں۔

مزیدخبریں