لاہور(کامرس رپورٹر ) ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ کے شعبہ میں پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ’’پاکستان ہیلتھ کیئر اینڈ انجینئرنگ شو2022‘‘ لاہور میں شرو ع ہوگئی ہے۔تین روزہ نمائش کا افتتاح گزشتہ روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کیا۔ نمائش میں شریک افریقہ اور وسط ایشیاء کے 46ملکوں کے مندوبین، وفاقی سیکرٹری وزارت تجارت محمد صالح احمد فاروقی نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور میں ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ شو کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافہ کیلئے وزارت تجارت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وباء کے باوجود پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافہ خوش آئند ہے۔ یورپی یونین سے حاصل جی ایس پی پلس کی سہولت کی وجہ سے پاکستان کی یورپی یونین کو ایکسپورٹ 4.5ارب یورو سے بڑھ کر 8ارب یورو تک پہنچ چکی ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد سے ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ کے شعبہ میں پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملی گی۔اس طرح کی سرگرمیاں ایکسپورٹ میں اضافہ کا باعث بنیں گی۔اس شو کا مقصد سنٹرل ایشیا اور جنوبی افریقہ کی مارکیٹ کو ٹارگٹ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ سیکٹر کو ترقی دینے کے لیے حکومت کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت مشکل وقت سے گزررہی ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی واضح ہے اور ہم غیرجانبدار رہنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ روز یورپی یونین کے پاکستان میں نمائندے سے ملاقات میں بھی پاکستان کا یہ موقف واضح کیا گیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اس لیے پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں ایکسپورٹ میں اضافہ کا باعث بنیں گی ہماری حکومت اس شعبے میں مکمل سپورٹ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے نمائندے نے گزشتہ روز ملاقات میں یوکرین کی صورتحال اور پاکستان کے کردار کے حوالے سے بات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شو کا مقصد سنٹرل ایشیا اور جنوبی افریقہ کی مارکیٹ کو ٹارگٹ کرنا ہے۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری وزارت تجارت محمد صالح احمد فاروقی نے کہا کہ افریقی ممالک اور وسط ایشیائی ریاستیں ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ مصنوعات کی بڑی منڈی بن کر ابھر رہے ہیں۔ ہیلتھ کیئر اینڈ انجینئرنگ شو میں حصہ لینے والی پاکستانی کمپنیوں کو ان منڈیوں کے خریداروں سے رابطہ کرنے اور اپنی مصنوعات کو خریدارملکوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملی گی۔
کرونا وباء کے باوجود ایکسپورٹ میں اضافہ خوش آئند ہے : چودھری سرور
Feb 26, 2022