لاہور(نامہ نگار) سی سی پی اولاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو سے گزشتہ روزشہید ڈولفن اہلکار محسن علی کی بیوہ گلشن بی بی اور ان کے کمسن بیٹے حسنین نے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،انچارج ویلفیئر آئی ام کلثوم و دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے شہید ڈولفن اہلکار محسن علی کی بیوہ کو شہداء ویلفیئر پالیسی کے تحت 6 مرلہ گھر کی چابیاں دیں۔سی سی پی او لاہور نے شہید محسن علی کی بیوہ کو گھر کے مالکانہ حقوق کے کاغذات بھی دیئے۔فیاض احمد دیو نے شہید محسن علی کے ڈولفن سکواڈ یونیفارم میں ملبوس بیٹے حسنین کو پیار کیا۔سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے کہا کہ لاہور پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایسے بے شمار بہادر جوانوں کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ شہادت ہم سب کی آرزو،ہماری منزل اور ہمارا خواب ہے۔ شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کرنے والے شہدا پولیس کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔پولیس شہدا کے ورثا کی دیکھ بھال کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔شہید کے ورثا کو ریٹائرمنٹ عمر تک پوری تنخواہ اور دیگر مراعات دی جا رہی ہیں۔ شہدا پولیس،ریٹائرڈ اور حاضر سروس پولیس ملازمین کی فیملیز کے ویلفیئر کیسز ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈولفن اہلکار محسن علی شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران ڈاکووں کی فائرنگ سے شہید ہو گئے تھے۔
74سی سی پی او نے شہید اہلکار کی بیوہ کو 6مرلہ گھر کی چابیاں دیدی
Feb 26, 2022