لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز مشکل ہوگی، ضروری نہیں نتیجہ 1-2 ہی ہو۔ ہمارے لیے اس وقت اہم بات یہ ہے کہ ہم پاکستان میں سیریز جیتیں، ہمارے لیے مشکل کنڈیشنز میں ایک ٹیسٹ برابر کرنا جیت کے برابر ہوگا۔ ہم نہیں جانتے کہ پاکستان میں ہم سیریز میں کنڈیشنز کے حوالے سے کیا توقع کر سکتے ہیں، برصغیر میں ٹیسٹ میچز یا تو بہت تیزی سے کھیلے جاتے ہیں یا بہت سلو۔اْنہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ لمبے دن میں ہم چیزوں کو سنبھالنے میں کامیاب ہوں گے، گروپ کی شکل میں ہم نے بیرون ملک زیادہ سیریز نہیں کھیلیں۔ اگر ہمیں نمبر ون رہنا ہے تو برصغیر میں اچھی کارکردگی دکھانی ہے جس کا آغاز پاکستان سے ہونا ہے۔انہوںنے دورہ پاکستان کیلئے سکیورٹی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لیے ایک زبردست سیریز ہو گی۔ ہم دورہ پاکستان کی سکیورٹی سے پوری طرح مطمئن ہیں اور سیریز کیلئے پْرجوش ہیں، سکیورٹی انتظامات بھرپور کیے گئے ہیں اور اب ہم ایسے مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں طیارے میں سوار ہونے والے سب پرْسکون ہوتے ہیں۔ آج کل کے حالات میں بائیوسکیور ببل کی اضافی لیئر بھی ہے اس لیے ہم اچھا محسوس کررہے ہیں اور جب ایک بار وہاں پہنچیں گے تو تمام تر توجہ کھیل پر ہی مرکوز رکھیں گے۔ان سے بڑھ کر یہ سیریز ہمارے لیے بہت خاص ہے کیونکہ ہم وہاں جارہے ہیں جو کہ ہمارے لیے ایک نیا تجربہ ہے اس لیے ہم بہت پرْجوش ہیں اور ہر کوئی اس پر خوش ہے۔