ہالینڈ کی کمپنیاں کراچی میں کچرے سے توانائی کے منصوبے لگا ئیں، مراد علی شاہ

کراچی (نیوز رپورٹر)  ہالینڈ کی ٹاپ کمپنیوں نے کراچی میں کچرے سے توانائی کے منصوبے لگانے اور منچھرجھیل کو آلودگی سے پاک کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی  پیشکش کر دی۔ ہالینڈ کے سفیر مسٹر ولیم ووٹر پلمپ نے اپنے تجارتی مشیر حماد رضا اور تجارتی قونصلر یاسر فاروقی کے ساتھ جمعہ کو یہاں وزیراعلی ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے  میٹنگ کی۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید اور وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکرٹری فیاض جتوئی نے بھی شرکت کی۔ ہالینڈ کے سفیر نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ ان کی کمپنیاں کراچی میں کچرے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے قیام کے لیے سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کی سرفہرست کمپنیوں میں سے ایک ہیں جو فضلہ سے توانائی کے شعبے میں کام کر رہی ہیں۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں 11000 ٹن سے زیادہ کچرا پیدا ہوتا ہے اور اس سے 200 میگاواٹ توانائی پیدا کی جا سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ  نے وزیر توانائی امتیاز شیخ کو ہدایت کی کہ وہ ہالینڈ کی ٹیم سے ملاقات کریں اور مجوزہ منصوبے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیں۔ دریں اثنا انہوں نے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید کو بھی ہدایت کی کہ وہ ہالینڈ کے سرمایہ کاروں کے ساتھ علیحدہ اجلاس منعقد کریں تاکہ اس طرح کے منصوبے کو آگے بڑھایا جا سکے۔ نیدرلینڈ کے سفارت کار نے شہر میں ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری اور آپریشن کی بھی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈچ کمپنیاں ویسٹ مینجمنٹ میں مہارت رکھتی ہیں اور ان کی مہارت پوری دنیا میں جانی جاتی ہے۔ اس پر وزیراعلی  سندھ نے کہا کہ ان کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اپنی ٹیم کے ساتھ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبوں پر بھی بات کریں گے۔ وزیراعلی  سندھ نے کہا کہ منچھر جھیل جو ان کے حلقہ انتخاب سہون میں واقع ہے، دنیا کی بڑی جھیلوں میں سے ایک  ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھارے پانی کو ٹھکانے لگانے اور کچھ دیگر مسائل کی وجہ سے پوری جھیل آلودہ ہوچکی ہے۔ جھیل میں مچھلیاں پکڑنے والے سینکڑوں ماہی گیر بے روزگار ہو گئے ہیں۔ مراد علی  شاہ نے کہا کہ اگر جھیل کو آلودگی سے پاک کر دیا گیا تو سینکڑوں ماہی گیر اپنے روزگار کی طرف واپس آجائیں گے اور اس کا پانی پینے اور آبپاشی کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ہالینڈ کے سفیر نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ وہ ماہرین کو جھیل پر بھیجیں گے اور تکنیکی مشورے دیں گے تاکہ اس کی صفائی کا منصوبہ بنایا جا سکے۔اس منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے ہالینڈ کے سرمایہ کاروں اور ماہرین کے درمیان میٹنگز طے کی جا رہی ہیں۔
 ہالینڈ / مراد علی شاہ

ای پیپر دی نیشن