16سال سے قابض اسلام آباد پولیس کو سی ڈی اے فلیٹس خالی کرنے کا حکم


اسلام آباد(خصوصی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے فلیٹس پر اسلام آباد پولیس کا قبضہ غیر قانونی قرار دیتے ہوئے 16سال تک فلیٹس پر قابض پولیس حکام کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ سی ڈی اے کے فلیٹس پر قبضے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنا دیا جس میں جسٹس محسن اختر اور جسٹس طارق محمود جہانگیری شامل تھے۔ ہائی کورٹ نے سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے فلیٹس خالی کرانے کے لیے سی ڈی اے کی اپیلیں منظور کر لیں۔ہائی کورٹ نے لال مسجد آپریشن کے وقت سے سی ڈی اے فلیٹس پر اسلام آباد پولیس کا قبضہ غیر قانونی قرار دیا ہے جو کہ 16 برس بنتے ہیں جبکہ عدالت نے سی ڈی اے کے دوسو فلیٹس پر قابض پولیس کا قبضہ ایک ماہ میں ختم کرنے کا حکم  دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ فلیٹس خالی نہ ہوئے تو آئی جی اور سیکرٹری داخلہ کے ساتھ قانون سختی سے نمٹے گا، فلیٹس پر قبضہ پولیس کی جانب سے کھلی ہٹ دھرمی ہے۔ واضح رہے کہ فلیٹس پر قبضے کے خلاف سی ڈی اے کی اپیلیں 2011ء سے زیر التوا تھیں۔ پولیس نے 2007ء میں لال مسجد آپریشن کے لیے عارضی طور پر 200 فلیٹس لیے تھے۔

ای پیپر دی نیشن