بھارہ کہو:ٹرالر فلائی اوور کے پلر سے ٹکرا گیا،شٹرنگ گرنے سے 2مزدورجاں بحق


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ بہارہ کہو کے علاقے میں ٹرالر کی ٹکر سے فلائی اوور کے پلر کی شٹرنگ گرنے سے کام کرنے والے مزدور ملبے تلے دب گئے۔ دو جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو پولی کلینک ہسپتال اور پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی سربراہی میں آٹھ رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔ پولیس کے مطابق ٹرالر کے پلر سے ٹکرانے سے تین شدید زخمی مزدوروں کو پولی کلینک منتقل کیا گیا جن میں سے ایک جاں بحق ہوگیا‘ دو مزدوروں کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جن سے ایک جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ ہفتہ کی صبح آٹھ بجے پیش آیا۔ بہارہ کہو بھیرہ پل کے مقام پر ایک اوور لوڈ ٹرالر بہارہ کہو بائی پاس کے ایک پلر سے ٹکرا گیا جس کے باعث پلر کی شٹرنگ گر گئی اور اس منصوبے پر کام کرنے والے مزدور ملبے کے نیچے دب گئے۔ وقوعہ پر امدادی کارروائیاں تیزی سے شروع کردی گئیں۔ ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں۔ چیف کمشنر نورالامین مینگل کی بنائی انکوائری ٹیم حادثے میں ذمہ داران کا تعین کرے گی۔ آٹھ رکنی انکوائری ٹیم کے سربراہ ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن ہوں گے۔ انکوائری ٹیم میں ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے، نیسپاک کا نمائندہ، ریسکیو راولپنڈی اور اسلام آباد کا نمائندہ بھی شامل ہو گا۔ ایس ایس پی ٹریفک اور متعلقہ ایس پی بھی کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ ٹرالر نے دو پِلرز کی شٹرنگ کو نقصان پہنچایا۔ ٹرالر کی پہلی ٹکر سے ایک پلر کی شٹرنگ نیچے گری جس سے مزدور ملبے تلے دبے، ٹرالر دوسرے پِلر سے ٹکرا کر پھنس گیا۔ ٹکر کے باعث دوسرے پِلر کی شٹرنگ کو بھی نقصان پہنچا۔ تعمیراتی کمپنی نے دوسرے پِلر کی مرمت اور مضبوطی کا کام شروع کر دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...