انٹر کالجیٹ بیڈ منٹن چیمپئن شپ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج کمالیہ نے جیت لی 

Feb 26, 2023


فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام انٹر کالجیٹ بیڈ منٹن چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی ۔ فائنل میچ میں امریکی قونصل جنرل ولیم میکنوئنل اور وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فائنل کا میچ دیکھا۔ چیئرمین سپورٹس بورڈ ڈاکٹر ناصر امین اور ڈائریکٹر سپورٹس ذیشان احمد خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کی تقریب کے دوران قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستانی عوام کو قریب لانے کیلئے ثقافت کیساتھ ساتھ کھیلوں کے انعقاد کی طرف بھی توجہ دی جائیگی۔ امریکی قونصلیٹ لاہور انٹرنیشنل لیول کی گیمز کے انعقاد کیلئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریگا۔  وائس چا نسلر ڈاکٹر شاہد کمال کا کہنا تھا کہ کھیل جسمانی اور ذہنی نشونما کیلئے بے حد ضروری ہیں، تعلیمی تدریسی اور غیر نصابی سرگرمیاں خوش آئند ہیں ادارے میں اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد مثبت عمل ہے۔ڈائریکٹر سپورٹس ذیشان احمد خان نے کہا کہ پڑھائی کیساتھ ساتھ کھیل بھی بچوں کی جسمانی صحت کیلئے بہت ضروری ہیں۔ یونیورسٹی کی طرف سے ایسے کھیلوں کا انعقاد کالجز کے طلباء کیلئے تفریحی سرگرمی سے کم نہیں ہے۔ چیمپئن شپ میں 5 ٹیموں نے حصہ لیا۔ چیمپین شپ کا فائنل میچ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج کمالیہ نے ایک کے مقابلہ میں 2 سیٹ سے جیت لیا، دوسری پوزیشن سپیرئر کالج شیخوپورہ جبکہ تیسری پوزیشن گریجوایٹ کالج سائنس فیصل آباد نے حاصل کی۔

مزیدخبریں