گبین جبہ سنو سپورٹس فیسٹیول ’’آج‘‘ سے شروع ہوگا


پشاور(یواین پی) ضلعی انتظامیہ سوات اور کلچر و ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام سوات کی حسین وادی گبین جبہ میں تین روزہ سنو سپورٹس اینڈ کلچرفیسٹیول آج 26 فروری سے شروع ہوگا جس کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اس سلسلے میں ریجنل سپورٹس آفیسر سوات کاشف فرحان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی گبین جبہ سنو اینڈ سپورٹس فیسٹیول آج سے شروع ہورہا ہے جو اٹھائیس فروری تک جاری رہے گا اس فیسٹیول کا افتتاح ڈی سی سوات عرفان اللہ وزیر کریں گے ان کے ہمراہ اے ڈی سی سہیل خان‘ اے ڈی سی عبدالطیف‘ اے سی مٹہ عبدالقیوم خان‘ آر ایس او کاشف فرحان اور دیگر شخصیات موجود ہوں گی‘۔تین روزہ سنو سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول میں سنو میراتھن ریس، رسہ کشی، مارشل آرٹس، سائیکلنگ اورویٹ لفٹنگ کے مقابلے منعقد کئے جائینگے جبکہ اس کے علاوہ تین روزہ ثقافتی فیسٹیول میں ہینڈی کرافٹ اور دستکاری اشیاء کے سٹالز، کھانے پینے کے سٹالزاور سیاحوں و مقامی افرادکو محظوظ کرنے کیلئے موسیقی محفل بھی منعقد کی جائے گی جس میں نامور گلوکار اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کرینگے۔پہلے روز کمیئرنگ جمشید علی خان جبکہ وصال خیال‘ شوکت محمود‘ زبیر نواز اور میروس خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے دوسرے روزسنو سپورٹس مقابلوں کے ساتھ ساتھ حشمت سحر‘ عمران خان‘ شہزاد خیال اور سید رحمان شینو فن کا مظاہرہ پیش کریں گے تیسرے روز شاہد ملنگ گروپ‘ شاہد علی خان اپنے فن کا جادو جگائیں گے اس کے علاوہ رباب‘ ستار اور ڈھولک وغیرہ پر بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ اس فیسٹیول میں کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن