لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے اتوار اور سوموار کو لاہور میں پی ایس ایل میچز ہوں گے، بقیہ میچز پر مشاورت جاری ہے۔ پاکستان سپر لیگ 8 کے پہلے 2 میچز شیڈول کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ، دیگر میچوں کا فیصلہ بعد میں کیا جائےگا۔واضح رہے کہ نگران حکومت نے لاہور میں پی ایس ایل کیلئے 25 کروڑ روپے کی منظوری دےدی جبکہ انتظامات کیلئے 25 کروڑ پی سی بی دےگا۔ذرائع کے مطابق نگران حکومت کی مذاکراتی ٹیم پی سی بی حکام سے ملاقات کرےگی، اجلاس میں پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق کرانے کا حتمی فیصلہ ہو گا۔لاہور میں قذافی سٹیڈیم کے ڈریسنگ رومز کی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوگیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے قذافی سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے چمچماتے ڈریسنگ رومز کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر انہوں نے ڈیسنگ رومز کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے کام کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پرپی سی بی کے دیگر حکام بھی شریک تھے ۔