کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹرقادر مگسی نے ڈیجٹیل مردم شماری کو مستر د کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس کے نتائج قبول نہیں کریںگے ۔حکمران ملک کو نہیں بچاسکتے ہیں ۔ملک بچانے کے لیے عوام سے بات کرنا ہوگی ۔ملکی قرضہ اتارنے کے لیے ججز ،جنرلوں اور سیاستدانوں کو گرفتار کرکے ان سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کی جائے ۔دنیا بھر میں کٹورا لے گھومنے والے زرداری اور بلاول کے پاس عوام کو فروخت کرنے کا فن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر قادر مگسی نے پریس کلب کے عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دی ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان جن حالات کا شکار ہے اس میں عام آدمی کا کوئی کردار نہیں ہے ۔مسجد سے لے کر پولیس دفاتر ، طالبان بنانے سمیت عمرانی تجبرے میں سندھی ،پٹھان،بلوچ اور پنجابی مڈل کلاس کا کوئی ہاتھ نہیں ہے ۔ایوب خان سے لے کر مشرف تک ہر ڈکٹیٹر نے ملک کو تباہ کیا ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کو اس وقت نئے سوشل کنٹریکٹ کی ضرورت ہے۔یہ پی ڈی ایم کے شہباز شریف ،زرداری ،فضل الرحمان اور عمران پاکستان نہیں بچا سکتے ہیں ۔ریاست کو بچانا ہے تو عوام سے بات کرنا ہوگی ۔ڈاکٹر قادر مگسی نے معاشی مسائل کا حل پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں ،معیشت دانوں اور سرمایہ کاروں سمیت ایک ہزار اشرافیہ کو کمرے میں بند کردیں۔ان سے رقم منگوا کر ملک کے قرضے اتارے جائیں تو ڈالر 50روپے کا ہوسکتا ہے۔اس طرح ملک کے قرضے اتارے جاسکتے ہیں۔ سیاست دان بنانے کی فیکٹریاں بند کی جائیں اور کرپشن کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی جائے ۔انہوںنے کہا کہ بارشوں قدرتی تھیں لیکن سیلاب منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا۔زرداری اور بلاول لوگوں کے دکھ بیچنا جانتے ہیں۔انھوں نے سیلاب متاثرین کے نام پر دنیا بھر سے امداد جمع کی۔ابھی تک 60/70لاکھ شہری بے گھر ہیں۔بے نظیر دور میں ترقیاتی کاموں پر 60فیصد لگتا تھا،زرداری صاحب کے دور میں صرف دس فیصد لگتا ہے ۔90فیصد رقم جیبوں میں جاتی ہے ، ہماری آنے والی نسلوں کو خطرہ ہے
ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج قبول نہیں کریںگے ،ڈاکٹر قادر مگسی
Feb 26, 2023