لاہور(نامہ نگار) سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ تاجر بلاخوف و خطر اپنی مارکیٹیں اور دوکانیں کھولیں،انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا۔ سٹیٹ کی رٹ بہت صورت برقرار رکھیں گے۔ تاجرہڑتال کیلئے کسی بھی دھمکی آمیز کالز یا ہراساں کرنے پر پولیس کو آگاہ کریں۔ توڑ پھوڑ، غنڈہ گردی کی ہرگز اجازت نہیں،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔ کسی بھی شخص کو ہڑتال کی آڑ میں زبردستی دکانیں کاروبار بند کروانے نہیں دیں گے۔سی سی پی او نے ان خیالات کا اظہار شہر کی مارکیٹوں،بازاروں کی تاجر تنظیموں کے صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ کی قیادت میں وفد سے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران کیا۔تاجر رہنماؤں نے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کو ایک سیاسی جماعت کی ہڑتال کی کال کی وجہ سے درپیش سکیورٹی تحفظات سے آگاہ کیا ۔وفد نے پرامن ماحول میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔